جیل میں عمران خان سے فاصلے پر قید ہوں‘ ملاقات نہیں ہوئی، شیخ رشید

 سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان سے فاصلے پر قید ہوں اس لیے میری سابق وزیراعطم سے ملاقات نہیں ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی کے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مجھے یہاں صحافیوں سے ایک منٹ بات کرنے کی اجازت ملی ہے، این اے 56 کے امیدوار شہریار ریاض سے متعلق 3 کروڑ والے دعوے پر قائم ہوں اور اس کا ثبوت بھی موجود ہے، اللہ سے امید ہے کہ قلم دوات جیتے گئی، عوام سے کہتا ہوں ایک دن باقی ہے نکلیں اور قلم دوات کو ووٹ دیں کیوں کہ سب سے زیادہ قربانیاں ہم نے نہیں دی ہیں۔ قبل ازیں 9 مئی مقدمات کی سماعت کے لیے پولیس نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو کمرہ عدالت میں پیش کیا، پراسیکیوٹر اکرام امین مہناس کے معاون وکیل عدالت پیش ہوئے، معاون وکیل کی جانب سے صداقت عباسی کے 164 کے بیان پر حرج کی گئی۔ علاوہ ازیں 9 مئی کو فوجی تبصیبات پرحملوں سے متعلق 12 مقدمات کی سماعت راولپنڈی کی انسداددہشت گردی عدالت نے کی، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجازآصف نامزد 498 ملزمان کے خلاف جیل ٹرائل کا آغازکیا، جج نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنوں کو طلب کیا۔معلوم ہوا ہے کہ عمران خان اور شاہ محموقریشی کو بھی اڈیالہ جیل سے ہی حاضری کیلئے پیش کیا جانا تاہم انہیں پیش نہ کیا گیا اور رجسٹرار سابق وزیراعظم اور سابق وزیر خارجہ کی حاضری کیلئے ان کے پاس گئے جب کہ ضمانت پر موجودہ تمام ملزمان حاضری کے لیے اڈیالہ جیل کمیونٹی ہال کمرہ عدالت پہنچے۔

ای پیپر دی نیشن