خون کے آخری قطرے اور آخری سانس تک عمران خان کے ساتھ ہیں

 مجلس وحدتِ مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصرعباس نے کہا ہے کہ ہم خون کے آخری قطرے اور آخری سانس تک عمران خان کے ساتھ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آزادی ایک وسیع پیمانہ رکھتی ہے اور اس سفر میں عمران خان اور ہم اکٹھے ہیں کیوں کہ یہ راستہ عزت کا راستہ ہے اور ہم کربلا کے ماننے والے ہیں اس لیے قربانی دینے والوں میں سب سے آگے ہوں گے۔ علامہ راجہ ناصرعباس نے کہا کہ آج بڑی مشکل سے عمران خان کے ساتھ ملاقات ہوئی، پاکستان تحریک انصاف کا قائد پہلے سے زیادہ طاقتور ہے، عمران خان جیسا شخص پاکستان کی سر زمین پر نہیں ہے جو آزادی اور حریت کی بات کرتا ہے، الحمدللہ عوام بھی اس شخص کے ساتھ ہیں کیوں کہ عوام اس پر اعتماد کرتے ہیں، گھروں سے باہر نکلیں، ووٹ ڈالیں، ظلم کی دیواروں کو ایک دھکا اور دیں، یہ گرنے والی ہیں۔سینئر صحافی زاہد فاروق ملک نے رپورٹ کیا کہ چیئرمین مجلس وحدتِ مسلمین کا کہنا ہے کہ عمران خان پہلے سے زیادہ اپنے نظریات پر ڈٹا ہوا ہے، اللہ پر توکل اور امید بہت ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی اس کو جدو جہد اور آزدی کی جنگ کہتا ہے، وہ چاہتا ہے ہماری عدلیہ اور ادارے باوقار اور آزاد ہوں، وہ تمام اداروں کو آزاد کرنا چاہتا ہے، اس کے لیے بانی چیئرمین پی ٹی آئی بہت پر امید ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی قرآن پاک بہت تفصیل سے ہڑھ رہے ہیں، وہ صحتمند ہیں اور مجھے خوشی ہے جس شخص کے ساتھ ہم کھڑے ہیں وہ دلیر ہے اور ڈٹا ہوا ہے، ان کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی جارہی ہے، ان کو جیل میں لایا گیا لیکن وہ نہیں ڈرے، انہوں نے کہا لوگوں کو پیغام دے دینا یہ آزادی کی جنگ ہے، انہوں نے کہا غلامی صرف اللہ کی کرنی ہے، مجھے جیل میں رہ کر تلاوت اور اللہ کی عبادت کا موقع مل رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن