پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی انتخابی اہلیت سپریم کورٹ میں چیلنج کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی انتخابی اہلیت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے شاہ محمد زمان نامی شہری نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی، ان کی جانب سے اپیل میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بلاول بھٹو پیپلزپارٹی کے چیئرمین ہیں جس کا انتخابی نشان تلوار ہے، بلاول بھٹو انتخابات میں تیر کے نشان پر حصہ لے رہے ہیں۔
شہری کا اپیل میں کہنا ہے کہ ایکٹ کے تحت کوئی شخص بیک وقت 2 جماعتوں کا ممبرنہیں رہ سکتا، ہائیکورٹ نے قانون کا درست جائزہ نہیں لیا، اس لیے اپیل میں ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی جاتی ہے، اپیل میں عدالت سے یہ بھی استدعا کی جاتی ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو تیر کے نشان پر الیکشن لڑنے سے روکا جائے۔ خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی پر کیا جانے والا اعتراض مسترد ہوگیا تھا اور ان کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے تھے، ان کے خلاف اعتراض کیا گیا تھا کہ ان کا تعلق پاکستان پیپلزپارٹی سے ہے اور کاغذات نامزدگی میں پیپلزپارٹی پارلیمینٹریشن کا رکن ظاہر کیا گیا ہے، یہ تضاد بیانی ہے اور وہ انتخاب میں حصہ نہیں لے سکتے۔اعتراض میں کہا گیا تھا کہ پیپلزپارٹی کی طرف سے جواب میں ایک معاہدے کی نقل پیش کر دی گئی جو پیپلزپارٹی پارلیمینٹرین سے ہوا اور اس کے مطابق دونوں جماعتوں میں انتخابی اتحاد ہے اور وہ ایک دوسرے کی جماعت سے انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں، ریٹرننگ آفیسر نے اس کی بنیاد پر فیصلہ محفوظ کیا اور سنا دیا گیا۔