این اے 155 سے غائب پی ٹی آئی امیدوار منظر عام پر آگئیں

Feb 06, 2024 | 19:08

 پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار عفت طاہرہ سومرو نے این اے 155 سے جہانگیر ترین کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق چند روز سے غائب این اے 155 سے پی ٹی آئی امیدوار عفت طاہرہ سومرو اچانک منظر عام پر آچکی ہیں اور انہوں نے چیئرمین استحکام پاکستان پارٹی سے ملاقات کی ہے، ان کی یہ ملاقات جہانگیر ترین کی لودھراں میں رہائش گاہ پر ہوئی جس میں عفت طاہرہ سومرو نے این اے 155 سے جہانگیر ترین کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا اور جہانگیر ترین کی جانب سے عفت طاہرہ سومرو کا خیر مقدم کیا گیا اور انہوں نے مل کر سیاست کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ اپنے ویڈیو بیان میں عفت طاہرہ سومرو نے کہا کہ میں این اے 155 لودھراں سے دستبرداری کا اعلان کرتی ہوں، میں نے لودھراں سے عملی سیاست کا آغاز ن لیگ کے صدیق بلوچ کے خلاف کیا، صدیق بلوچ کی عوام دشمن اور جاہلانہ پالیسوں کے خلاف سیاست کی، اسی لیے صدیق بلوچ گروپ دو تین دن سے پراپیگنڈا کررہا ہے کہ مجھے اغواء کر لیا گیا ہے، یہ غلط اور جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر پیسوں کا الزام لگایا گیا جو کہ جھوٹ پر مبنی ہے، میں پیسوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، عوام صدیق بلوچ گروپ کے بہکاوے میں نہ آئیں، عوام سے درخواست ہے صدیق بلوچ کے خلاف میرا ساتھ دیں، عوام این اے 155 میں جہانگیر خان ترین کو ووٹ دیں۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ لودھراں این اے 155 سے جہانگیر ترین کے مقابلے میں تحریک انصاف کی امیدوار ایڈوکیٹ عفت طاہرہ کو پولیس نے بغیر کسی ایف آئی آر، بغیر کسی وارنٹ کے دوران کمپین اغواء کر لیا ہے، اس کے علاوہ ایڈوکیٹ عفت طاہرہ کے بھائی کو بھی پولیس نے بغیر کسی جرم کے اغواء کیا۔

مزیدخبریں