سڈنی میں بھارت اورآسٹریلیا کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن بھارتی ٹیم نے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے بھرپور مزاحمت کی مگر کینگروز باؤلرز کے آگے بھارتی سورماؤں کی ایک نہ چل سکی اور پوری ٹیم چار سو رنز بناکر ڈھیر ہوگئی، بھارت کی جانب سے سٹار بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کا سنچریوں کی سنچری بنانے کا خواب ایک بار پھر چکنا چور ہوگیا ، ٹنڈولکر اسّی رنز پر مائیک ہسی کو کیچ تھما کر پولین لوٹ گئے وہ مائیکل کلارک کاشکار بنے ، سچن ٹنڈولکر گزشتہ سال مارچ سے اب تک ٹیسٹ اور اور ون ڈے میچوں کی بائیس اننگز کھیل چکے ہیں جس میں ان کی سو ویں سنچری مکمل نہیں ہوسکی ہے، بھارت کی جانب سے دوسرے نمایاں بیٹسمین گوتم گھبیر رہے جنہوں نے تراسی رنز بنائے،لکمشن چھیاسٹھ اور ایشون باسٹھ رنز بناکر آؤٹ ہوئے، آسٹریلیا کی جانب سے ہلفن ہوس نے پانچ، سیڈل نے دو ،پیٹن سن ، کلارک اور لیون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، سڈنی ٹیسٹ میچ میں ناقابل شکست تین سو انتیس رنز بنانے پرکینگروز کپتان مائیکل کلارک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، میچ میں بھارت نے پہلی اننگز میں ایک سو اکیانوے رنز بنائے تھے جبکہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر چھ سو انسٹھ رنز بنائے۔