”پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے بھرپور تعاون کرینگے“ ترک وزیراعظم کی شہباز شریف کو یقین دہانی

Jan 06, 2012

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ترک وزیراعظم طیب اردگان سے ملاقات کی۔ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں دونوں رہنماوں نے مضبوط معاشی تعلقات کے فروغ اور دو طرفہ تعاون میں اضافے کے فیصلے پر بھی اتفاق کیا۔ ترک وزیراعظم نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کو یقین دلایا کہ ترکی پاکستان کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے بھرپور تعاون کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے ایکسم بنک کے ماہرین سے تفصیلی مذاکرات بھی کئے۔ ایکسم بنک نے مختلف منصوبوں کیلئے ایک بلین ڈالر کے قرضہ جات کی بھی پیشکش کی۔ وزیراعلیٰ نے نیشنل پولیس ہیڈ کوارٹر کا دورہ بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق ترک وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کا انتہائی گرمجوشی سے استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان کے عوام کے لئے اپنی اور ترکی کے عوام کی طرف سے نیک تمناوں اور بھرپور دلی جذبات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ترک وزیراعظم کو پنجاب اور ترکی کے مابین موجود اقتصادی روابط سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ توانائی، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں ترکی کی حکومت اور سرمایہ کار پاکستان کے ساتھ تعاون میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے صوبہ پنجاب میں ترکی کی حکومت اور اداروں کی جانب سے اب تک کی جانے والی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم طیب اردگان نے کہا کہ ہم دونوں ملکوں کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں۔ ترکی پاکستان میں جاری منصوبوں کو ترجیح دے گا۔ پولیس ہیڈ کواٹر کے دورہ کے دوران وزیراعلیٰ کو مختلف شعبوں کی ورکنگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی جن میں انٹیلی جنس، دہشت گردی کی روک تھام اور آرگنائزڈ کرائم پر قابو پانے کے بارے میں کئے جانے والے مختلف اقدامات شامل تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کی پولیس کی کارکردگی، ان کی اپنے کام سے لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے ان کے محکمانہ معیار کو سراہا اور کہا کہ ایسی فورس سے رہنمائی اور مدد حاصل کرنا ہمارے لئے باعث افتخار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں ماڈل سٹیشن ہاوسز کی تعمیر کے لئے ہم ترکی کے محکمہ پولیس سے گائیڈ لائن حاصل کر سکتے ہیں۔ ایک اور اجلاس میں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف کے ہمراہ ترکی کی مڈل ایسٹ ٹیکنیکل یونیورسٹی (METU) کے ساتھ لاہور میں بین الاقوامی معیار کی ٹیکنیکل یونیورسٹی قائم کرنے کے لئے ایم او یو پر دستخط کئے۔ دریں اثناءایکسم بنک ترکی نے پاکستان میں انرجی، ٹرانسپورٹ اور رنگ روڈ کے جنوبی حصے کی تکمیل پر مشتمل ترقیاتی منصوبہ جات کے لئے ایک بلین ڈالر کے قرضہ جات کی پیشکش کی۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے استنبول میں سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے لئے استعمال ہونے والے ٹرکوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سڑکوں کی صفائی کے لئے استعمال ہونے والی ایک گاڑی کو خود چلا کر جائزہ بھی لیا۔دریں اثناءپنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل اور ٹرکش ایکریڈیشن ایجنسی کے درمیان مفاہمت کی دستاویز پر دستخط ہوئے۔ مفاہمت کے مطابق ٹرکش ایکریڈیشن ایجنسی پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے امتحانی سرٹیفکیٹ کے لئے ایکریڈیشن فراہم کرے گی جو یورپ کے معیار کے عین مطابق ہو گا۔
مزیدخبریں