طلال بگٹی کی منور حسن سے ملاقات‘ جماعت اسلامی جمہوری وطن پارٹی قومی سطح کی جماعتوں سے مل کر بلوچستان میں الیکشن لڑنے پر متفق


لاہور (خصوصی رپورٹر) جماعت اسلامی اور جمہوری وطن پارٹی نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ قومی سطح کی جماعتوں کیساتھ ملکر بلوچستان میں الیکشن لڑا جائے۔ اسلام آباد کی طرف مارچ کرنیوالے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ الیکشن میں حصہ لیکر ہی مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ گزشتہ روز جمہوری وطن پارٹی کے وفد نے نوابزادہ طلال بگٹی کی قیادت میں جماعت اسلامی کے امیر منور حسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے ملاقات کی۔ جمہوری وطن پارٹی کے وفد میں سردار نیاز محمد وڑائچ، مدنی بلوچ، نوید چودھری، زاہد چودھری اور ثمن باجوہ شامل تھے۔ ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا کہ حکمرانوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک لوٹنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ اس لوٹ مار کو روکنے کا واحد حل الیکشن ہے۔ انہوں نے بلوچستان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بلوچستان کے کچھ علاقوں میں آج بھی فوجی آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ رہنماﺅں کو اعتماد میں لیکر فوجی آپریشنز ختم کرنے چاہئیں۔ نوابزادہ طلال بگٹی نے کہا کہ حکومت کی غیرواضح پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں فوجی آپریشنز بند ہونے چاہئیںاور ڈیرہ بگٹی سے بے گھر کئے گئے افراد کیلئے ڈیرہ بگٹی جانے کا راستہ کھلنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی کو نو گو ایریا بنائے جانے کے بعد بلوچستان میں ہونیوالے الیکشن بے معنی رہیں گے۔ طلال بگٹی نے کہا کہ پنجاب میںجلد بڑا جلسہ کروں گا۔انتخابات کا بروقت انعقاد بہت ضروری ہے۔بلوچستان میں باہر سے اسلحہ آرہا ہے تو اسے پکڑا کیوں نہیں جاتا۔

ای پیپر دی نیشن