راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن آف پاکستان محمد افضل خان نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں ہونے والے عام انتخابات کیلئے حلقہ بندیاں کرانا ممکن نہیں جب مردم شماری ہو گی اس کے بعد نئی حلقہ بندیاں کرائی جائیں گی۔ کراچی میں نئی حلقہ بندیاں سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر کر رہے ہیں آئندہ انتخابات شفاف ہوں گے، عوام کو چاہئے کہ اپنا ووٹ ضرور ڈالیں، راولپنڈی میں شفاف الیکشن کیلئے ہمارا ریجنل دفتر متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہو گا، عام انتخابات کے دوران انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کیلئے ایک ہزار کیمرے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو ضلع کچہری میں واقع پوٹھوہار ٹاﺅن ہال میں الیکشن کمشن راولپنڈی ریجن کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں نئی حلقہ بندیاں نئی مردم شماری کے بعد ممکن ہوں گی۔ عام انتخابات میں ہر پولنگ آفیسر کو پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر مجسٹریٹ کے اختیارات ہوں گے۔
پورے ملک میں اس وقت نئی حلقہ بندیاں کرانا ممکن نہیں: ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن
Jan 06, 2013