گوجرانوالہ + لاہور (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) سندھ اور خیبر پی کے کے بعد پنجاب میں بھی خسرے کی وبا تیزی سے پھیلنے لگی۔ سندھ میں مزید 8، بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں خسرے سے 4 اور گوجرانوالہ میں مزید ایک بچہ جاںبحق اور 4 ہسپتال داخل ہیں۔ اے این این کے مطابق سندھ کے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا ہے کہ سندھ میں خسرہ کے وبائی مرض سے 210 بچے جاںبحق ہو چکے ہیں‘ 8 اضلاع میں خسرہ کا وائرس زیادہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھوٹکی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اب تک 29 لاکھ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جا چکے ہیں جبکہ دوسرے روز سندھ بھر میں 2 کروڑ 34 لاکھ بچوں کو ٹیکے لگانے کا پروگرام ہے۔ این این آئی کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت سندھ کو ہدایت کی ہے کہ خسرہ پر قابو پانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات کئے جائیں اور صوبے میں تمام بچوں کو جلد سے جلد خسرہ سے بچا¶ کے ٹکیے لگائے جائیں۔ ذرائع کے مطابق صدر نے ہفتہ کو وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ٹیلی فون پر سندھ میں خسرہ کی وباءکے حوالے سے تفصیلات معلوم کیں۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں خسرہ کا شکار پانچ بچوں آٹھ ماہ کے کامران، ایک سالہ محمد علی، اڑھائی سالہ ایمان فاطمہ، تین سالہ تحریم اور پانچ سالہ سہیل کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے لایا گیا جہاں 5 سالہ سہیل توڑ گیا جبکہ کامران کی حالت بھی تشویشناک ہے، سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر طاہر جاوید کا کہنا ہے دیگر بچوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، گذشتہ دو روز سے گوجرانوالہ میں مجموعی طور پر روزانہ 8 سے 10 بچوں کو طبی امدادکی فراہمی کیلئے ہسپتال لایا جا رہا ہے۔
خسرہ سے سندھ 8، بلوچستان 4 اور گوجرانوالہ میں مزید ایک بچہ جاںبحق
Jan 06, 2013