کراچی (این این آئی) پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ملک میں بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال پر گول میز کانفرنس بھی بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس کانفرنس میں شرکت کے لئے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماﺅں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ گول میز کانفرنس رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد میں ہو گی جس میں پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات اور نگران حکومت کے قیام کے لئے ان جماعتوں سے حتمی مشاورت کرے گی۔ پیپلزپارٹی کے اعلیٰ ذرائع کے مطابق حکومت نے آئندہ انتخابات مئی کے پہلے ہفتہ میں منعقد کرانے پر غور شروع کر دیا ہے، تاہم انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان سیاسی و اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد صدر آصف علی زرداری کریں گے، ملک میں بدلتی سیاسی صورتحال اور تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے 14جنوری کو اسلام آباد میں لانگ مارچ کے اعلان کے بعد حکومت نے تمام اتحادی، سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے رابطے شروع کر دئیے ہیں۔ اتحادی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے لئے صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو خصوصی ٹاسک دیتے ہوئے انکی سربراہی میں 5رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ جس میں وفاقی وزراءخورشید شاہ، مخدوم امین فہیم، رحمن ملک اور سینیٹر جہانگیر بدر شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی ہدایت پر ہی وزیراعظم نے گذشتہ روز مسلم لیگ (ن)، ق لیگ، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماﺅں سے رباطے کئے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ان سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں سے ہونے والی مشاورت سے صدر آصف علی زرداری کو آگاہ کر دیا ہے، جلد وزیراعظم ایم کیو ایم سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماﺅں سے ٹیلی فونک رابطہ اور ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیاسی صورتحال اور لانگ مارچ کے حوالے سے اتحادی اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطے میں رہیں۔