کراچی (سٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر فاروق ستار، حیدر عباس رضوی، اشفاق منگی، یوسف شاہوانی اور اسلم آفریدی نے کہا ہے کہ عظیم الشان جلسہ عام کی کامیابی صرف بلدیاتی انتخابی مہم ہی نہیں بلکہ ایک فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہاکہ الطاف حسین کے حیدرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد ایم کیوایم کیلئے دل میں بے شمار تعصب رکھنے والے تنگ نظر لوگوں نے ایک بار پھر وہی نعرے لگانے شروع کردیئے ہیں کہ خدانخواستہ ایم کیو ایم ملک کو توڑنے کی بات کر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الہ دین گرائونڈ گلشن اقبال منعقدہ جلسہ عام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ جلسہ کی کامیابی سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ صرف شہر کراچی ہی نہیں ، حیدرآباد ، سکھر ، میر پور خاص ، نوابشاہ ہی نہیں بلکہ اس مرتبہ سندھ کے دیہی علاقوں سے بھی متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔ رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی نے کہا کہ جناح پور سازش کے جب جھوٹے نقشے برآمد کئے گئے تھے اس وقت بھی الزام لگایا گیا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی دشمن ہے اس کے بعد حقائق سامنے آگئے اور سازشیوں کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ اگر ہزارہ، سرائیکی اور بہاولپور صوبے کی بات ہوسکتی ہے تو سندھ کی کیوں نہیں: حمزہ شہباز کی جماعت (ن) لیگ ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل کا وعدہ کرچکی ہے۔ ایسا لگتا ہے پرویز مشرف کے خلاف انصاف سے نہیں انتقام سے کام لیا جا رہا ہے۔