اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایرا کے اجلاس میں آزاد جموں کشمیر اور خیبر پی کے میں ایک ہزار سکولوں کی تعمیر کی حکمت عملی کو حتمی شکل دیدی گئی۔ یہ سکول 2005ء کے زلزلہ میں تباہ ہوگئے تھے۔ سکولوں کی تعمیر تیزرفتاری سے کی جائیگی۔ ایرا کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین میجر جنرل محمد عظیم آصف کی سربراہی میں ہوا اور انہوں نے اجلاس میں بتایا کہ وزیراعظم نے 8 ارب روپے کا اعلان کیا ہے جس میں سے ساڑھے 3 ارب روپے جاری کئے جارہے ہیں۔ اس رقم سے 6 ماہ کے اندر آزاد کشمیر ا ور خیبر پی کے میں 500 سکول مکمل کئے جائینگے جبکہ باقی سکول 30 دسمبر 2015ء تک ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونگے۔ انہوں نے ہدایت کی سکولوں کی تعمیر کیلئے ٹھیکیداروں کو رقوم جاری کی جائیں۔