اسلام آباد+ کراچی+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) صدر ممنون حسین نے سزائے موت کے تین مجرموں کی رحم کی اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق عدالت نے تینوں دہشت گردوں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے ہیں احمد علی اور غلام شبیر کو بھی 7جنوری ملتان سینٹرل جیل میں ذوالفقار احمد کو 13جنوری کو اڈیالہ جیل میں پھانسی دی جائے گی۔ غلام شبیر عرف ڈاکٹر اور احمد علی عرف شیش ناگ کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پولیس افسر کے قتل کے الزام میں دو ملزموں کو سزائے موت سنا دی ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ دونوں کو دو دو مرتبہ پھانسی دی جائے۔ اکبر علی اور منصب علی پر الزام ہے کہ انہوں نے ڈی ایس پی محمد سرور کو قصور کے علاقے میں قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے 2013ءمیں چالان عدالت میں پیش کیا تھا۔ انسداد دہشت گردی فیصل آباد کی عدالت نے سنٹرل جیل لاہور میں سزائے موت کے قیدی اکرام الحق کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے۔ مجرم کو 8جنوری کو پھانسی دی جائے گی۔ سنٹرل جیل سکھر کو سزائے موت کے تین قیدیوں کے ڈیتھ وارنٹ موصول ہو گئے ہیں۔ کالعدم تنظیم کے شاہد حنیف، طلحہ اور خلیل احمد کے ڈیتھ وارنٹ کراچی کی خصوصی عدالت نے جاری کئے تھے۔ مجرموں نے وزارت دفاع کے ڈائریکٹر ظفر شاہ کو 2001 میں قتل کیا تھا۔ انہیں 13 جنوری کو پھانسی پر لٹکائے جانے کا امکان ہے۔
ڈیتھ وارنٹ