اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نواز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی۔ وہ قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ اور دیگر ارکان کے ساتھ سپیکر چیمبر کے راستے ایوان میں آئے۔ انہوں نے محمود خان اچکزئی‘ آفتاب احمد خان شیرپاﺅ‘ چودھری پرویز الٰہی‘ عبدالرشید گوڈیل‘ نوید قمر‘ فہمیدہ مرزا‘ مولانا فضل الرحمان ‘ یوسف تالپور‘ اعجاز الحق‘ صاحبزادہ طارق اللہ ‘ پیر صدر الدین شاہ راشدی سمیت دیگر ارکان سے ان کی نشستوں پر جا کر ملاقات کی اور خیریت دریافت کی۔ وزیراعظم اپنی نشست پر آئے تو مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کے ارکان نے انہیں گھیر لیا وزیراعظم ان میں گھل مل گئے۔ وزیراعظم انتہائی خوشگوار موڈ میں نظر آئے۔ ارکان ان کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتے رہے۔ وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد پورے ایوان میں فرداً فرداً تمام پارلیمانی ارکان سے ملتے رہے، بل کے حق میں ووٹ کیلئے آمادہ کرتے رہے، وزیراعظم اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار دوران اجلاس آپس میں چٹھیوں کے ذریعے ہم کلام ہوتے رہے۔
جھلکیاں
قومی اسمبلی اجلاس کی جھلکیاں وزیراعظم کی اجلاس میں شرکت ارکان سے فرداً فرداً مصافحہ آفتاب شیخ ووٹنگ کے لئے آمادہ کرتے رہے
Jan 06, 2015