اسلام آباد (آن لائن) سابق صدر پرویز مشرف نے جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے ملک کی مجموعی امن و امان و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ دونوں رہنماﺅں میں جلد ون آن ون ملاقات کا اتفاق کیا گیا۔ باوثوق ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ پیر کو جے یو آئی (س) کے اعلیٰ سطحی نمائندہ وفد نے مولانا شاہ ولی اللہ کی سربراہی میں سابق صدر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نمائندہ وفد نے سابق صدر سے کہا کہ علماءکرام ہر قسم کی دہشت گردی کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں جبکہ مدارس اس سلسلے میں دینی تعلیم عام کرکے ملک و قوم کی خدمت کررہے ہیں۔ ملاقات کے دوران ہی مشرف نے جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ مولانا سمیع الحق نے سانحہ پشاور کے بعد وفاقی حکومت کی طرف سے بنائے جانے والے حکومت کے قومی ایکشن پلان پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمارا دوٹوک موقف ہے کہ ہم نہ صرف دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں بلکہ اسے خلاف شریعت بھی سمجھتے ہیں۔
مشرف/ سمیع الحق
جے یو آئی (س) کے وفد کی مشرف سے ملاقات، سابق صدر کا مولانا سمیع الحق سے ٹیلیفونک رابطہ، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال، جلد ملاقات پر اتفاق
Jan 06, 2015