لاہور: سلمان تاثیر کی برسی کی تقریب پر نامعلوم افراد کا حملہ، شرکا پر تشدد

لاہور (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی برسی کی تقریب پر نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا اور شرکاءپر تشدد بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں لبرٹی چوک پر سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی چوتھی برسی کی تقریب جاری تھی اور شرکا اس موقع پر شمعیں روشن کر رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کردیا اور شرکا پر تشدد بھی کیا جس کے نتیجے میں شرکا کو تقریب ادھوری چھوڑ کر وہاں سے جانا پڑگیا۔ برسی کی تقریب پر حملہ کرنے والے افراد 4 گاڑیوں اور 4 موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جنہوں نے گاڑیاں لبرٹی چوک کے اطراف کھڑی کیں اور وہاں موجود شرکا پر ڈنڈوں سے حملہ کیا جب کہ حملہ آوروں نے لبرٹی چوک پر لگی سابق گورنر سلمان تاثیر کی تصاویر بھی پھاڑ دیں۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر وزیر اعلی شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے اس واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور ذمہ داران کوجلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔ سلمان تاثیر کی برسی کی تقریب میں ہنگامہ آرائی کے الزام میں 7 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے جبکہ 35 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ این این آئی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی برسی کی تقریب پر ہنگامہ آرائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر شہری کو اپنے پیاروں کی خوشی اور غم منانے کا پورا حق ہے۔ ایک بیان میں پرویز رشید نے لاہور میں سابق گورنر کی برسی کی تقریب میں ہنگامہ آرائی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کےلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔

تقریب پر حملہ






ای پیپر دی نیشن