اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان میں عرب ممالک کے سفیروں کی کونسل نے تہران میں سعودی عرب کے سفارت خانہ پر حملہ‘ اس کو نذر آتش کرنے اور مشہد میں سعودی عرب کے قونصلیٹ پر حملہ کر کے اسے آگ لگانے کے واقعات کی مذمت کی ہے۔ عرب ممالک کے سفیروں کی کونسل کی طرف سے جاری کئے گئے ایک پریس ریلیز کے مطابق کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی سفارتی مشن کو توڑ پھوڑ اور تشدد کا نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین‘ اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کے معیار کی خلاف ورزی ہے۔ کونسل نے سعودی عرب کے خلاف حقائق کے برعکس ڈس انفارمیشن پھیلانے کی میڈیا کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ میڈیا ڈس انفارمیشن پھیلانے سے گریز کرے گا اور مستند ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر خبریں نشر اور شائع کرے گا۔