پی پی 89 پیرمحل میں ضمنی انتخابات آج ہونگے، تیاریاں مکمل

پیرمحل+ ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگاران) صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 89 میں ضمنی انتخابات آج 6 جنوری بدھ کو ہونگے۔ الیکشن کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ انتخابی عملہ سخت پولیس حصار میں اپنی ڈیوٹیوں پر پہنچ گیا، دفعہ 144نافذ کر دی گئی۔ تفصیل کے مطابق آج 6 جنوری کو تحصیل پیرمحل میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایک لاکھ چھیاسٹھ ہزار چھ سو تیرہ (1,66,613) مردو خواتین حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پولنگ کے روز امن و امان کی صورتحال قائم رکھنے کیلئے 2454 پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے پیر قطب علی شاہ المعروف علی بابا اور آزاد امیدوار سیدہ سونیا علی رضا شاہ جو کہ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ ہیں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ 10 پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ آج 6جنوری کو تحصیل میں عام تعطیل اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے۔ پولنگ صبح ساڑھے سات بجے شروع ہوگی اور شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی مخدوم سید علی رضا کی وفات کے باعث صوبائی اسمبلی کی مذکورہ نشست خالی ہوئی تھی۔ صوبائی اسمبلی کی اس نشست سے مرحوم ایم پی اے کی صاحبزادی سونیا علی رضا آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں جبکہ دوسری طرف سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا بھانجا پیر قطب علی شاہ المعروف علی بابا مسلم لیگ(ن) کے پلیٹ فارم سے ایم پی اے کے امیدوار ہیں۔ پیر قطب علی شاہ اور سیدہ سونیا علی رضا کے مابین ون ٹو ون مقابلہ ہو گا اور توقع کی جا رہی ہے کہ مذکورہ ضمنی الیکشن پنجاب کی سیاسی تاریخ کا سنسنی خیز الیکشن ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...