لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور کی سڑکوں پر نظر رکھنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے منصوبے کے حوالے سے سڑکوں کی توڑ پھوڑ کرنے کے بعد مرمت کا کام نہیں کیا گیا جس سے ٹریفک کے بہاﺅ میں رکاوٹ‘ گردوغبار میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پرانی انارکلی کے علاقے میں سڑکوں کی کھدائی کرنے والے مزدوروں نے کئی شہریوں کے پانی کے کنکشن والے پائپ توڑ دیئے جس سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔ نابھہ روڈ‘ مزنگ روڈ، کوئینز روڈ ودیگر معروف شاہراہوں کے کنارے کے قریب پائپ لائن بچھانے کے بعد مرمت کا کام نہیں کیا گیا۔ کئی علاقوں میں فٹ پاتھ پر کھدائی کرکے ٹف ٹائلوں کو اکھاڑنے کے بعد پائپ بچھائے گئے لیکن فٹ پاتھ اس حالت میں چھوڑ کر ٹھیکیدار غائب ہوگئے۔ یہ ہمارے ملک کی روایت ہے کہ سیوریج‘ سوئی گیس‘ پی ٹی سی ایل یا دیگر اداروں کی طرف سے گلیوں‘ سڑکوں کی کھدائی کرکے ویسے ہی چھوڑ دیا جاتا ہے۔ کئی ایک واقعات میں معصوم بچے ان گڑھوں میں گر کر جان گنوا بیٹھے ہیں۔ یہ لاہور سمیت ملک بھر کا اہم مسئلہ ہے جس کی طرف ارباب اختیار کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا منصوبہ‘ ٹھیکیدار سڑکیں مرمت کئے بغیر غائب....
Jan 06, 2017