عمران خان تیترہے نہ بٹیر،ان کے خواب دیمک زدہ ہیں،انجینئر امیرمقام

سوات (نامہ نگار)وزیراعظم کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں بھی وفاقی حکومت کی تعاون سے جاری منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں جن کے ثمرات سے عوام استفادہ کررہے ہیں، ترقی کا نہ ختم ہونیوالا سفر جاری رہیگا۔ انہوںنے کہا کہ تاریکیوں میںروشنی کی کرن لانا پاکستان مسلم لیگ(ن)کی مرہون منت ہے، معیشت کی سانسیں سنبھل گئی ہیں اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے جسے ایک دھڑن تختہ سیاسی پارٹی ترقی کی پٹڑی سے اتارنے کی ناکام کوشش کررہی ہے مگر وہ خاطر جمع رکھیں پاکستان مسلم لیگ(ن)کی قیادت اورکارکنوںکے ہوتے ہوئے ترقی کے سفر میں کوئی رکائوٹ حائل نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیرتلیگرام سوات میںسوئی گیس منصوبے کے افتتاح کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع سوات کے ناظم محمد علی شاہ بھی موجود تھے، وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عمران خان تیتر ہے نہ بٹیر، انکے خواب دیمک زدہ ہیں، عمران خان صرف اقتدارکی خاطر یاج ماجوج بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نہ ہوتے ہوئے بھی وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں اربوں کے منصوبے صوبے کے عوام کو دیئے ہیں جبکہ عمران خان کو صوبے کی قیادت حقیر نظر آرہی تھی اس لئے صوبہ خوشامدیوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے، انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عمران خان نے صوبائی سطح پر بدعنوان عناصر کو کرسی پر بٹھایا ہے جو عوام کی فلاح و بہبودکی بجائے اپنی اکائونٹس میں تبدیلی لانے کیلئے توانائی صرف کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں بے لگام کرپشن کو روکنے کیلئے صوبائی حکومت احتساب کمیشن کو غیرفعال کرنے پر تلی ہوئی ہے اور احتساب کمیشن کو مقفل کردیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن