لاہور (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگاران)مذہبی و دینی جماعتوں کے زیراہتمام ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کیخلاف ملک گیر ’’یوم مذمت امریکہ‘‘منایا گیا۔ اس سلسلہ میں جمعہ کے اجتماعات میں امریکی صدر کی پاکستان پر الزام تراشی اور دھمکیوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور علماء نے امریکہ کی اسلام و پاکستان دشمنی کو خطبات جمعہ کا موضوع بنایا جبکہ نماز جمعہ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان مخالف منفی بیان بازی کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی امیر علامہ پیر سید مظہر سعید کاظمی نے شاہی عیدگاہ ملتان میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو پاکستان دشمنی مہنگی پڑے گی۔ امریکہ نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی تو اسے کبھی نہ بھولنے والا سبق سکھائیں گے۔ جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے اتفاق مسجد لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جان لے کہ پاکستان کمزور ملک نہیں ایٹمی قوت ہے۔ امریکی کی اسلام دشمنی کی مزاحمت کے لئے صلاح الدین ایوبی اور نورالدین زنگی جیسے حکمرانوں کی ضرورت ہے۔ ٹرمپ امریکہ کے لئے گورباچوف ثابت ہو گا۔ علاوہ ازیں پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام امریکی صدر کی پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کیخلاف اور پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کیلئے ’’دفاع پاکستان کانفرنس‘‘7جنوری کو فیصل آباد میں ہوگی۔امریکی صدر ٹرمپ کی پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کیخلاف پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی اپیل پرملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ احتجاجی مظاہروں، ریلیوں اور جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کی گئی۔ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی قربانیوں کی توہین کرنے پر امریکی صدر ٹرمپ پاکستان سے معافی مانگیں۔امریکی صدر ٹرمپ کا پاکستان کے متعلق بیان غیرذمہ دارانہ ہے۔ امریکی صدر کے پاکستان مخالف اور غیر ذمہ دارانہ بیان پر حکومت کو چاہئے کہ امریکی سفیر کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے فوری طور پر ملک بدر کیا جائے۔ پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المدارس کے پاکستان کے سربراہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستانی قوم امریکی دھمکیوں کیخلاف پاکستان فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ لاہور میں شہریان پاکستان اور ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے امریکی دھمکیوں کیخلاف مظاہرے کئے گئے اور ملک بھر کی مساجد میں خطبات جمعہ پر علما کا احتجاج، عوام الناس سے مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ علامہ اقبال روڈ پر شہریان پاکستان نے چیئرمین شفیق رضا قادری کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے کتبے اور بڑا بینر بھی اٹھا رکھا تھا جن پر امریکہ مخالف نعرے اور مطالبات درج تھے جبکہ ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے کارکنوں نے بعد نمازجمعہ وحدت روڈ پر امریکہ کیخلاف قائد ورلڈ پاسبان علامہ محمد ممتاز اعوان کی قیادت میں ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مجلس احراراسلام اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے امریکی صدر کی دھمکیوں کے جواب میں پاکستانی سیاسی اورعسکری قیادت کے مؤقف کو سراہا ہے۔مجلس احراراسلام پاکستان کے سربراہ سید عطاء المہیمن بخاری اور دیگر نے مختلف مقامات پر اجتماعات جمعتہ المبارک اور اپنے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ ہم امریکہ اور بالا دست قوتوں سے یک طرفہ تعلقات پر نظرثانی کریں اور قوم کو امریکی وصہیونی ایجنڈے سے باہر نکالنے کیلئے قدم اٹھائیں۔ سید محمد کفیل بخاری نے قصور میں مختلف اجتماعات سے خطاب کیا اور عقیدۂ ختم نبوت کی فضیلت اور قادیانی ریشہ دوانیوں پر روشنی ڈالی۔ مبلغ ختم نبوت مولانا سرفراز معاویہ نے جامع مسجد ختم نبوت چندرائے روڈ لاہور میں خطبہ جمعۃ المبارک کے دوران کہا کہ عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ پر امت ہمیشہ اکٹھی ہوتی رہی ہے آج پھر موقع ہے کہ ہم ناموس رسالت اور ختم نبوت کی مشترکہ جدوجہد پر اکٹھے ہوجائیں۔مرکزی انجمن تاجران ضلع شیخوپورہ کے زیر اہتمام نماز جمعہ کے بعد امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے پاکستان کو دی جانیوالی دھمکیوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت چیئرمین مرکزی انجمن تاجران و امیدوار حلقہ پی پی 167 الحاج محمد اسلم بلوچ اور پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے نائب صدر کنور عمران سعیدنے کی، ریلی میں تاجر برادری مختلف سیاسی سماجی مذہبی دینی جماعتوں کے رہنمائوں، علماء و وکلا ء نے شرکت کی، ریلی مرکزی دفترسے شروع ہو کر پریس کلب پہنچ کر بڑے عوامی اجتماع کی شکل اختیار کرگئی، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ مردہ باد کے نعرے درج تھے۔ جھنگ میں فلاح انسانیت فائونڈیشن اور جماعت الدعوۃ پر پابندی عائد کرنے کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کی قیادت حافظ عبدالرئوف مرکزی رہنما فلاح انسانیت فائونڈیشن نے کی جبکہ ضلعی صدر ملی مسلم لیگ حافظ ابو القاسم، مرکزی رہنمامنشاء جھنگوی سمیت دیگر معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیالکوٹ میں پاکستان مشائخ وعلماء کونسل نے یوم جمعتہ المبارک کواتحاد امت’ ’ امریکہ مردہ باد‘‘ کے طور پر منایا۔ قلعہ احمد آبادمیں پاکستان مشائخ وعلماء کونسل کے مرکزی چیئرمین پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکی پر حکومت کا موقف دلیرانہ ہے۔