اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب احمد خان نے گزشتہ روز پاک فضائیہ کے پہلے مقامی سربراہ سابق ائیر چیف مارشل اصغر خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی پیغام میں سردار مہتاب احمد خان نے مرحوم کے خاندان کے دیگرافرادکے ساتھ گہری ہمدردی ظاہر کی اور پاک فضائیہ کیلئے انکی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سابق ائیر چیف مارشل اصغر خان ایک عظیم شخصیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے مالک تھے اور انہوں نے نہایت بہادری سے پاکستان ائیر فورس کی قیادت کی۔ پاک فضائیہ کی مضبوط بنیاد رکھنے کیلئے اصغر خان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ سردار مہتاب نے مرحوم کی مغفرت اوردرجات کی بلندی کیلئے بھی دعاکی ہے۔