ملتان (کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ کی ہدایت پر قائم مقام ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے جاوید اقبال قریشی آج فاطمہ جناح ٹاؤن میں پولیس تشدد کا شکار ہونے والی نسیم بی بی کی رہائش گاہ پر ان کے واجبات ادا کریں گے۔ قبل ازیںوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ملتان میں پولیس تشدد کا نشانہ بننے والے بزرگ جوڑے نے گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں نسیم بی بی، ان کے شوہر محمد ادریس اور بیٹی مدیحہ شامل تھیں۔بزرگ جوڑے نے مسئلہ حل کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمارا 30 سال پرانا مسئلہ حل کرکے ہمیں انصاف فراہم کیا ہے ،جس پرہم آپ کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ نسیم بی بی نے کہا کہ ہماری اراضی کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوا ہے اورہم سب اس پر بہت خوش ہیں۔ نسیم بی بی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے میری 2 بیٹیوں کی شادیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں اوروزیراعلیٰ شہبازشریف ہمارے جیسے غریب خاندان کا سہارا بنے ہیں اورہمیں انصاف دیاگیاہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بزرگ جوڑے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا مسئلہ حل کرنا میری ذمہ داری تھی جسے خوش اسلوبی سے نبھایاگیا اور مجھے خوشی ہے کہ آپ کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا ہے اور آپ کو انصاف ملا ہے۔ میں نے آپ سے ملاقات کے دوران وعدہ کیا تھا کہ آپ کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی اوراب انصاف کے تقاضوں کے مطابق آپ کا مسئلہ حل کیاگیاہے ۔وزیراعلیٰ نے بزرگ جوڑے کی 2 بیٹیوں کی شادی کیلئے 5، 5 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے بزرگ جوڑے کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق معاملہ حل ہونے پر مبارکباد دی اورکہا کہ آپ کا مسئلہ انصاف کے قرینوں کے مطابق حل کیاگیا ہے اور انصاف کے تقاضے پورے کئے گئے ہیں۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری لائیوسٹاک اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ کمشنر اور آر پی او ملتان ڈویژن نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
پولیس تشدد کاشکار: بزرگ میاں بیوی کوانصاف مل گیا، ایم ڈی اے آج واجبات اداکریگا
Jan 06, 2018