اسلا م آباد (نامہ نگار)نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(نسٹ) اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور (یو ای ٹی پشاور)سے31پاکستانی انجینئرزایری زونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے تبادلہ پروگرام میں شرکت کیلئے امریکہ روانہ ہیں،امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی(یو ایس ایڈ)اور پاکستانی حکام نے امریکہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے جانے والے ان طالب علموں اور اساتذہ کو رخصت کیا ، جہاں وہ ایری زونا اسٹیٹ یونیورسٹی(اے ایس یو)میں ایک سمسٹر گزاریں گے۔امریکی مالی معاونت سے چلنے والے اس تبادلہ پروگرام کے تحت ، یہ طالب علم اور اساتذہ پاکستان کو درپیش توانائی کے شدید بحران کے حوالے سے تحقیق کریں گے۔ یہ انرجی انجینئرنگ سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور فیکلٹی ممبران کا پانچواں گروپ ہے جو کہ امریکہ میں یو ایس ایڈ کی مالی معاونت سے چلنے والے یو ایس پاکستان سنیٹرز فار ایڈوانس سٹڈیز اِن انرجی (یو ایس پی سی اے ایس۔ای)میں شرکت کیلئے جا رہے ہیں۔ امریکہ میں اپنے چار ماہ قیام کے دوران یہ طلبہ اور فیکلٹی ممبران اے ایس یو کی تجربہ گاہوں میں امریکی پروفیسروں کی زیر نگرانی شمسی پینلز اور بیٹریوں کے حوالے سے عملی تحقیق کے دوران اپنے تجربات کریں گے اور مشاہدات اور نتائج کے تجزیے پر کام کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ امریکہ میں بجلی کی پیداوار کے طریقہ کار کو جاننے کیلئے صنعتی مراکز کا دورہ بھی کرینگے۔یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جیری بسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تبادلہ پروگرام جو توانائی کے شعبے میں تحقیق پر مبنی ہے ،امریکہ اور پاکستان کے درمیان شراکت داری کی علامت ہے تاکہ مضبوط تعلیمی ادارے پروان چڑھائے جائیں ۔
انجینئرزایری زونا سٹیٹ یونیورسٹی کے تبادلہ پروگرام میں شرکت،31پاکستانی امریکہ روانہ
Jan 06, 2018