لاہور (نمائندہ خصوصی )تھانوں کے علاوہ عوام کو 13سروسز کی فراہمی کے لیے صوبے بھر میں قائم کیے گئے 36خدمت مراکز اور ہسپتالوں میں قائم کیے گئے پولیس خدمت کاﺅنٹرزسے شہریوں کو ریلیف کی فراہمی مستقل بنیادوں پر جاری ہے جس سے نہ صرف شہری قیمتی وقت اور پیسے کے ضیاع کو بچانے میں کامیاب ہو رہے ہیں بلکہ اس سے تھانوں پر غیر ضروری بوجھ کم ہونے سے تھانوں کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے،آئی جی پنجاب، امجد جاوید سلیمی نے ان خیالات کا اظہار سنٹرل پولیس آفس لاہور میں خدمت مراکز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقد کی گئی ایک میٹنگ کے دوران کیا۔ میٹنگ میں ڈی آئی جی ڈسپلن اینڈ انسپکشن، احسن یونس کے علاوہ ان کے شعبے کے دیگر افسران نے شرکت کی،احسن یونس نے آئی جی پنجاب کو بتایا کہ اب تک 15لاکھ سے زیادہ لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے ۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی، ڈی اینڈ آئی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیادوں پر 8787پرموصول ہونے والی شکایات کے بارے میں آگاہ کریں گے جس پر احسن یونس نے آئی جی پنجاب کو بتایا کہ یکم جنوری2019 سے3جنوری تک نان رجسٹریشن آف ایف آئی آر کی 44کمپلینٹس موصول ہوئیں جن پرفوری کاروائی کرتے ہوئے 44ایف آئی آردرج کروائی گئیں۔