لاہور(صباح نیوز)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میری زندگی کا اصول ہے کہ نمبر ون سے دوستی کرتا ہوں اور نمبر ون سے ہی دشمنیکرتا ہوں، دنیائے سیاست کے سب سے بڑے ڈاکو کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا، چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کا تقرر پی ٹی آئی کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا لیول فالودہ والا، گول گپے والا تھا، مجھے خدشہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو پھنسایا گیا، کرپشن پر بات کروں تو میرے پیچھے میراثی چھوڑ دیتے ہیں،جس جس آدمی کا کیس ہو، اس پر 30مارچ سے پہلے جھاڑو پھرے گی۔ہفتہ کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جس کا مورل کریکٹر نہ ہو، جس پر لاتعداد کیسز ہوں، اس چور کو چوکیدار نہیں بنایا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے ریلوے سے متعلق کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کی جارہی ہے۔ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں سے گزشتہ ماہ 6 کروڑ روپے جرمانے کی مد میں وصول کئے۔ انہوں نے مزید کہاکہ دو وی وی آئی پی ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں۔ ریڈیو پاکستان ریلوے بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ جس کا لائسنس حاصل کیا جا رہا ہے۔ اس ایف ایم ریڈیو چینل میں خبریں اور انٹرٹینمنٹ ہو گی۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ تبدیلیوں کا سال ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعلی پنجاب سے ملاقات میں فوڈ ڈپارٹمنٹ کی کارروائیوں اور نالہ لئی پر بات ہوگی۔انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان نے زلمے خلیل زاد کے ساتھ مل کر بھارت کی پوزیشن کمزور کی، جس کے بعد امریکہ کے صدر اب پاکستان سے بہتر تعلقات کی بات کر رہے ہیں۔شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ پاکستان علاقائی قوتوں سے بہتر تعلقات بنا رہا ہے اور جلد معاشی بحران سے نکلنے جا رہا ہے، ترک وزیر سے بھی کہا ہے کہ پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کریں۔
شیخ رشید