امریکی وزارت خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکا کے پاس شام سے فوج کے مکمل انخلا کا کوئی ٹائم فریم نہیں تاہم امریکی فوج شام میں غیر معینہ مدت کے لیے قیام نہیں کرے گی۔ امریکا کی طرف سے فوج کے انخلا سے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ داعش کے خلاف جنگ میں ہمارا مشن مکمل ہوگیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سینئر عہدیدار نے کہاکہ شام میں امریکا کی حمایت یافتہ ڈیموکریٹک فورسز داعش سے علاقے واپس لینے کی جنگ جاری رکھے گی۔خیال رہے کہ دو ہفتے قبل امریکی صدر نے کہا تھا کہ وہ شام میںموجود 2000 امریکی فوجیوں کو واپس بلا رہے ہیں کیونکہ شام میں ان کا مشن پورا گیا ہے۔تاہم شام سے انخلا کے اعلان پرخود امریکی حکومت میںبھی اختلاف پایا جاتا ہے۔ وزیردفاع جیمز میٹس نے ٹرمپ کے اعلان کے بعد شام سے فوج نکالنے کی مخالفت کرتے ہوئے عہدے سے استعفی دینے کا اعلان کیا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ حالات میں امریکا نے شام سے اپنی فوج واپس بلائی تو داعش کو دوبارہ منظم ہونے کاموقع مل جائیگا۔