وزیراعظم عمران خان اور امارات کے ولی عہد شیخ محمد کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،قبل ازیں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان پاکستان پہنچ گئے۔شیخ محمد بن زید النہیان کے طیارے نے نور خان ائیربیس پر لینڈ کیا جہاں معزز مہمان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا اور استقبال کرنے وزیراعظم عمران خان خود ائیرپورٹ پر موجود تھے، انہوں نے مہمان کو خوش آمدید کہا جبکہ اس موقع پر دیگر اعلی حکام بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔وزیراعظم عمران خان نور خان ائیربیس سے مہمان کو لے کر روانہ ہوئے اور مہمان کو وزیراعظم ہاس لے جانے کے لیے مہمان کی گاڑی میں خود ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے اور گاڑی چلاکر وزیراعظم ہاس روانہ ہوئے۔وزیراعظم ہائوس پہنچنے پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، پہلے متحدہ عرب امارات پھر پاکستانی قومی ترانے دھنیں بجائی گئیں جبکہ معزز مہمان کو فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور ولی عہد نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔اس موقع پر پاک فضائیہ کے دستے نے بھی معزز مہمان کو سلامی دی۔وزیراعظم عمران خان نے مہمان کا کابینہ ارکان اور دیگر سے تعارف کرایا جبکہ ولی عہد متحدہ عرب امارات نے بھی اپنے وفد کے ارکان سے وزیراعظم کا تعارف کرایا۔متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی پاکستان آمد کے موقع پر اسلام آباد کو پاکستانی اور یو اے ای کے پرچموں سے سجایا گیا ہے۔