ترجمان مسلم لیگ( ن) مریم اورنگزیب نے نیب کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کوباضابطہ طو پر اپنا نام تبدیل کرکے نون اکائونٹیبلٹی بیورورکھ لینا چاہیے،شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام گھسا پٹا فرسودہ طریقہ اور نیا تماشا ہے ، نیب کے ذریعہ سیاسی انتقام جاری ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے پی کے مالم جبہ کیس پر کیوں خاموش ہے،کیوں وزیراعلی خیبرپختونخوا کو گرفتار نہیں کیا جاتا، علیمہ باجی کے غیرقانونی اثاثوں اورمنی لانڈرنگ پر کارروائی کیوں نہیں ہوتی، علیمہ خان کی غیرقانونی جائیداد عمران خان کی بے نامی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب کے اس کالے قانون کو سیاستدانوں کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے، جنوری 2018 میں شہبازشریف کے خلاف صاف پانی منصوبے کی تحقیقات ہوئیں، صاف پانی میں کچھ نہ بن سکا تو انہیں آشیانہ ہائوسنگ سکیم کیس میں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اور ن لیگ کے رہنما جھوٹے الزامات کا جواب دے رہے ہیں، احتساب کے نام پر سیاسی انتقام میں مسلم لیگ( ن) سرخرو ہوگی۔
نیب کو اپنا نام نون اکاؤنٹیبلٹی بیورو رکھ لینا چاہیے:مریم اورنگزیب کا نیب کو مشورہ
Jan 06, 2019 | 15:39