مصباح الحق کیلئے تین مختلف کردار نبھانا آسان نہیں،وقار یونس

کراچی(اسپورٹس رپورٹر )قومی کرکٹ ٹیم کے بالنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کیلئے بی یک وقت تین مختلف کردار نبھانا آسان نہیں کیونکہ میڈیا سمیت ہر ایک کی نگاہیں ہمہ وقت ان کے اوپرہی مرکوز رہتی ہیں۔وقار یونس نے ایک غیر ملکی ویب سائٹ کو انٹرویو میں بتایا کہ مصباح الحق نے یقینی طور پر بہت مشکل کام سنبھالا ہے کیونکہ محض قومی ٹیم کیلئے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری نبھانا بھی کوئی آسان کام نہیں ہے خاص طور پر اس وجہ سے کہ ان کی میڈیا کے ساتھ ہی نئے شروع ہونے والے یو ٹیوب چینلز کی جانب سے بھی اسکروٹنی جاری رہتی ہے لہٰذا انہیں تنہا ہی تمام تر دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔قومی بالنگ کوچ کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ کے علاوہ مصباح الحق کو بطور چیف سلیکٹر مختلف معیار پر ملک بھر کی صلاحیت پر نگاہ رکھنی پڑتی ہے جبکہ وہ پاکستان سپر لیگ میں کوچنگ کی ذمہ داریاں بھی ادا کریں گے اور سچی بات یہی ہے کہ ابتدائی چار سے پانچ ماہ کا عرصہ ان کیلئے کافی سخت رہا تاہم سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد انہیں سکون کی سانس لینے کا موقع مل گیا ہے اور معاملات پہلے سے کافی بہتر ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق کی متعدد ذمہ داریوں میں وہ بھی ان کا ہاتھ بٹا رہے ہیں کیونکہ پی سی بی کا نیا سیٹ اپ اور ملک میں فرسٹ کلاس کرکٹ کے ڈھانچے کی تبدیلی سمیت بہت سی تبدیلیوں نے فرائض کی انجام دہی کو سخت بنا دیا ہے جس کی وجہ سے کوچنگ اور ٹیم سلیکشن پر زیادہ دھیان دینا پڑتا ہے اور پورا یقین ہے کہ اگر چھ ٹیموں پر مشتمل ڈومیسٹک فارمیٹ کچھ عرصے تک قائم رہا تو اس کے اچھے اثرات ملکی کرکٹ میں نظر ا?ئیں گے اور قومی ٹیم کو درکار صلاحیت ملنا شروع ہو جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن