آئی سی سی کے کیوریٹر اینڈی ایٹکنسن کاکراچی میں پڑائو

کراچی(اسپورٹس رپورٹر )آئی سی سی کے عالمی شہرت یافتہ کیوریٹر اینڈی ایٹکنسن پاکستان پہنچ گئے جن کی خدمات پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک کے اہم مراکز پر وکٹوں کے معیار میں بہتری کیلئے حاصل کی ہیں۔ دورے کے ابتدائی مرحلے میں اینڈی ایٹکنسن نے گزشتہ روز کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کا دورہ کیا اور گراؤنڈ سٹاف سے ملاقات کی البتہ وہ توقعات کے عین مطابق گراؤنڈ میں موجود وکٹیں تیار کرنے کے ساز وسامان کی خستہ حالی اور بوسیدگی دیکھ کر حیران رہ گئے جس کا انہوں نے برملا اظہار بھی کیا۔کراچی کے بعد اینڈی ایٹکنسن ملتان، راولپنڈی اور لاہور سنٹرز کا بھی دورہ کریں گے جہاں پاکستان سپر لیگ سیزن پانچ کے میچوں کا انعقاد ہونا ہے۔پاکستان کے چاروں اہم مراکز کے دورے پر وکٹوں اور دستیاب سہولتوں کا جائزہ لینے کے بعد اینڈی ایٹکنسن ایک تفصیلی رپورٹ تیار کر کے پاکستان کرکٹ بورڈ کو دینگے جن میں مختلف مشکلات اور مسائل کی نشاندہی کیساتھ ہی کچھ تجاویز بھی شامل ہوں گی کہ پاکستانی وکٹوں کو آئی سی سی کے معیار کے مطابق کیسے ڈھالا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ اینڈی ایٹکنسن پہلی مرتبہ 2001 میں پاکستان آئے تھے جبکہ انہوں نے بھارتی ٹیم کی آمد سے قبل 2004اور2006میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔بی سی بی کے ایک سینئر آفیشل نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ پی سی بی پہلی بار ملک میں مکمل پی ایس ایل کا انعقاد کرنے جا رہا ہے لہٰذا بہتر نتائج کیلئے میزبان شہروں کے گراؤنڈز کی وکٹوں کو پہلے سے بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن