اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سیکرٹری قومی اسمبلی کے اعتراض کے بعد مجلس قائمہ برائے دفاع کا دوبارہ اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے،جس میں آرمی چیف سمیت تینوں سروسز چیفس کی تقرری و توسیع سے متعلق ترامیمی بلوں کی دوبارہ منظور ی لی جائے گی۔ سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈی جی نیکٹا، ڈی جی ایف آئی اے اور چیئرمین پی ٹی اے سائبر کرائمز کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔ چیئرمین امجد خان نیازی کی زیر صدارت ڈیڑھ بجے پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا، ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا، دیگر امور کے علاوہ آرمی ایکٹ، ائر فورس ایکٹ اور نیوی ایکٹ پر غور اور منظوری بھی شامل ہیں۔ سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈی جی نیکٹا، ڈی جی ایف آئی اے اور چیئرمین پی ٹی اے سائبر کرائمز کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری قومی اسمبلی نے قواعد و ضوابط کے حوالے سے تین جنوری کے اجلاس پر اعتراضات اٹھائے تھے، چیئرمین کمیٹی امجد نیازی کی غیر موجودگی پر جمیل احمد خان نے 3جنوری کے اجلاس کی صدارت کی تھی، جمیل احمد خان کو قواعد کے تحت عبوری چیئرمین نہیں بنایا گیا تھا۔ 3جنوری کے اجلاس میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اراکین بھی شریک ہوئے تھے، ارکان سینیٹ کو اجلاس میں آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر ووٹ کا حق نہیں دیا گیا تھا، اجلاس نے آرمی، ائر فورس اور نیوی ایکٹس میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی تھی۔
سیکرٹری قومی اسمبلی کا اعتراض، قائمہ کمیٹی دفاع آج پھر آرمی ایکٹ کی منظوری دیگی
Jan 06, 2020