پاکستانی کمپنیاں امریکی تجارتی میلوں میں شرکت کریں ،طلعت محمود گوندل

Jan 06, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) امریکہ کیلئے پاکستان کے نامزدکمرشل کونسلر طلعت محمود گوندل نے کہاہے کہ پاک امریکہ باہمی تجارت کو بہتر کرنے کیلئے ضروری ہے کہ پاکستانی کمپنیاں اور تاجر برادری امریکہ میں ہر سال منعقد ہونے والے تجارتی میلوں میں باقاعدگی کے ساتھ شرکت کریں ، پاکستان کا سفارتخانہ ان کوششوں میں تاجر برادری کے ساتھ تعاون کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ طلعت محمود گوندل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو بہتر کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں لہذا نجی شعبہ اس سلسلے میں مزید فعال کردار ادا کرے جس سے پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ امریکہ کی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ کے بارے میں معلومات حاصل کر کے چیمبر کے ساتھ شیئر کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ تاجر برادری امریکہ کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے تمام ممکنہ مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکے۔ اسلام آباد چیمبر کے صدرمحمد احمد وحید نے کہا کہ پاکستان امریکہ سے امداد لینے کی بجائے اس کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ امریکہ میں موجود پاکستان کا سفارتخانہ امریکہ کی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کیلئے نئے مواقع تلاش کرے اور چیمبروں کواس بارے میں باقاعدگی کے ساتھ آگاہ کرتا رہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت پاکستان میں کئی اسپیشل اکنامک زون قائم کئے جائیں گے لہذا سفارتخانہ امریکہ کے سرمایہ کاروں کو ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے سی پیک سمیت دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی طرف راغب کرے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کرنے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر سکتا ہے جس سے ہماری برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا اور سفارتخانہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کے نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود ہے جو اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کر رہے ہیں لہذا سفارتخانہ امریکہ کی کمپنیوں کو پاکستان سے سافٹ ویئرمصنوعات درآمد کرنے کی طرف توجہ دلائے جو امریکی کمپنیوں کو کافی سستی پڑیں گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ نجی شعبوں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرکے دو طرفہ تجارت کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں