کراچی : معروف اداکارہ وماڈل مہوش حیات آج اپنی 37 ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔فنکاروں اور مداحوں کی طرف سے انہیں مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔
بہت ہی مختصرعرصے میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی معروف پاکستانی اداکارہ،گلوکارہ اور ماڈل مہوش حیات آج اپنی 37ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پران کے مداح اور ساتھی اداکاروں کی جانب سے مہوش حیات کو دعاؤں اور مبارک باد کے ڈھیروں پیغامات موصول ہورہے ہیں۔ 23 مارچ 2019 کو یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کو صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا ۔
مہوش حیات نے 2010 میں ڈرامہ سیریل ” ماں جلی“ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ اس کے بعد ” میرے قاتل میرے دلدار“،”مراۃ العروس“، ”کبھی کبھی“ اور دیگر ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔مہوش حیات نے 2014 میں فلم "نا معلوم افراد" سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا ۔2017 میں مہوش حیات کی فلم "پنجاب نہیں جاؤں گی" نے ریکارڈ بزنس کیا اور ان کی ادکاری کو شائقین کی جانب سے بے حد سراہا گیا ۔ 2015میں فلم ' جوانی پھر نہیں آنی' میں صلاحیتوں کا لوہا منوایا جبکہ 2016 میں فلم "ایکٹر ان لا" میں پارسی لڑکی کے کردار نے سب کے دل موہ لئے۔ مہوش حیات نے کوک اسٹوڈیو 9 کی تیسری قسط میں شیرزاپل کے ساتھ "تو ہی تو" گانا بھی گایا ۔مہوش حیات کو وزارت انسانی حقوق کی جانب سے بچیوں کے حقوق کے لئے خیر سگالی سفیر بھی مقرر کیا گیا ہے ۔مہوش حیات گاہے بگاہے ملکی و غیرملکی سطح پر مختلف پلیٹ فارمز پر لوگوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھاتی نظر آتی ہیں ۔