کرپشن انکوائری‘ رانا مشہود کی درخواست پر ایف آئی اے کوجواب داخل کرانے کی مہلت

لاہور ( وقائع نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے سابق صوبائی وزیر رانا مشہود کی درخواست پر ایف آئی اے کو جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دے دی اور ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب عدالت میں پیش کیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے رانا مشہود کی درخواست پر سماعت کی جس میں ایف آئی اے کی طرف سے پنجاب سپورٹس بورڈ کی چھان بین کو چیلنج کیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران ایف آئی اے نے تفصیلی جواب کیلئے وقت دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا ۔سابق صوبائی وزیر کے وکیل رانا اسد نے نکتہ اٹھایا کہ ایف آئی اے وفاقی ادارہ ہے اسے صوبائی معاملات میں انکوائری کا اختیار نہیں۔ اس لئے ایف آئی اے کی انکوائری قانونی اختیارات سے تجاوز ہے۔ وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ نیب پہلے ہی سپورٹس فیسٹول پر ریفرنس دائر کر چکا ہے اور قانون کے تحت ایک معاملے کی دو بار انکوائری نہیں ہوسکتی ۔وکیل نے استدعا کی کہ رانا مشہود کیخلاف اینٹی کرپشن میں الزامات کی تفصیلات بھی طلب کی جائیں۔جبکہ ایف آئی اے کی طرف سے کی جانے والی تحقیقات کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔ درخواست پر سماعت 11 جنوری کو ہونگی۔

ای پیپر دی نیشن