نااہل حکومت ن لیگی پروجیکٹس پر اپنے نام کی تختیاں لگا رہی ہے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان  مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومتی ترجمان صبح شام اپوزیشن کے بیانات پر صفائیاں دیتے ہیں۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں نواز شریف نے سیکڑوں پروجیکٹس لگائے، لاہور سے ملتان اور بہاولپور میں سڑکوں کے جال بچھائے، نااہل حکومت نواز شریف کے پروجیکٹس پر اپنے نام کی تختیاں لگا رہی ہے، یہ نااہل ملک کا نہیں بلکہ آٹا چوری کا کپتان بن چکا ہے، چینی چوری کا کپتان ہے، پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کا حال دیکھ لو جو پہلے نمبر پر تھی آج ساتوں آٹھویں نمبر پہ ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بلوچستان مچھ واقعہ پر وزیراعظم عمران خان سے سوال کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب بلوچستان،مچھ میں اتنا بڑا ظلم ہوگیا، آپ کہاں غائب ہیں؟ عمران صاحب بے گناہ کان کنوں کے ورثاء  سخت سردی میں بیٹھے ہیں، آپ کہاں ہیں؟ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ،عمران صاحب پی ڈی ایم پر ہر روز اجلاس بلاتے ہیں، ہزارہ برادری کے قتل پر اجلاس کیوں نہیں بلایا؟،عمران صاحب ٹی وی لگالیں تاکہ آپ کو پتہ چل جائے کہ مچھ میں کتنا بڑا ظلم ہوا ہے ،اپوزیشن دور میں وزیراعظم سے چوبیس منٹ میں پہنچنے کا مطالبہ کرنے والے عمران صاحب اب کیوں خاموش ہیں؟،عمران صاحب مچھ، بلوچستان جائیںاور مظلوم ہزارہ برادری کے سر پر ہاتھ رکھیں۔

ای پیپر دی نیشن