اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) نامور پاکستانی سائنسدان اور چیئرمین وزیراعظم ٹاسک فورس برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر عطا الرحمن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو پر قابو پانے ہوائی سفر کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ این سی او سی کی ہدایات کے مطابق ہمیں بڑے اجتماعات سے گریز کرنا چاہئے اور اگر اہلخانہ میں سے کسی فرد میں وائرس کی علامات پائی جائیں تو ان کی دیکھ بھال کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔ایک گفتگو کے دوران ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو عوامی اجتماعات سے گریز کرنا چاہئے اور متعلقہ حکام کو چاہئے کہ جلسوں کو محدود کرنے کے لئے دفعہ 144 نافذ کرے۔ انہوں نے تاجروں ، ہوائی اڈوں اور سکول انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے میں اپنا فعال کردار ادا کریں، جب تک وبائی مرض موجود ہے ہمیں اس کے ساتھ محفوظ طریقے سے زندگی گزارنا سیکھنا ہوگا واحد راستہ احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا حکومت کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کے پھیلائو کے خلاف آگاہی پھیلانے میں غیر معمولی خدمات سرانجام دے رہا ہے ، سکول دوبارہ کھلنے کے بعد طلبا میں کورونا احتیاطی تدابیر کے بارے میں طلبا کو آگاہی کی اشد ضرورت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت متعدد ممالک میں ابھی تک کورونا ویکسین دستیاب نہیں جس کی دستیابی ابھی وقت درکار ہے لیکن احتیاطی تدابیر اس پر قابو پانے کا واحد راستہ ہے۔
ہوائی سفر کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں: ڈاکٹر عطا الرحمن
Jan 06, 2021