محمود آباد منظور کالونی نالے پرقائم تجاوزات کیخلاف دوسرے دن بھی آپریشن

Jan 06, 2021

کراچی (خبر نگار) سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے مطابق محمود آباد/ منظور کالونی نالے اور اطراف میں قائم تجاوزات کو صاف کرنے کی کارروائی کا عمل دوسرے روز منگل کو بھی جاری رہا ، پہلے مرحلے میں کچی تجاوزات کو صاف کیا جائے گا جس کے بعد میں پختہ تجاوزات کو گرایاجائے گا، منظور کالونی فائر اسٹیشن سے شروع ہونے والے اور کورنگی پل تک جانے والے ساڑھے تین کلو میٹر طویل (دونوںجانب 7کلومیٹر) محمود آباد نالے میں مختلف علاقوں کا سیوریج اور برساتی پانی شامل ہوتا ہے مگر مذکورہ مقام پر مختلف اقسام کی کچی اور پختہ تجاوزات کے باعث نالے کے بہائو میں نہ صرف یہ کہ رکاوٹ ہے بلکہ مختلف مقامات پر اس کی چوڑائی میں فرق آرہا ہے، منگل کو بھی میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی نے محمود آباد نالے کا موقع پر پہنچ کر دورہ کیا اور وہاں ہونے والے کاموں کی از خود نگرانی کی، ان کے ہمراہ سینئر ڈائریکٹر کو آرڈی نیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی، ڈائریکٹر کچی آبادی مظہر خان، ڈائریکٹر سٹی وارڈنز راجہ رستم سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران بھی موجود تھے، تجاوزات ہٹانے کے اس عمل میں دوسرے دن تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر تک کے رقبے سے کچی تجاوزات سمیت کچھ پختہ تجاوزات کو بھی صاف کیا گیا ہے، اس کارروائی کے دوران 57 دکانوں/ مکانوں کے جزوی حصے تجاوزات کی مد میں نالے تک آرہے تھے جنہیں ہٹانے کا عمل جاری ہے جبکہ نالے کے ساتھ دائیں اور بائیں دونوں جانب 12 فٹ کے روڈ سمیت 3 فٹ کی فٹ پاتھ بھی بنائی جائے گی اس طرح نالے کے دونوں جانب 15-15 فٹ کی جگہ گزرنے کے لئے دستیاب ہوگی جبکہ نالہ 12 فٹ کی چوڑائی کے ساتھ پانی کے بہائو کو جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں