اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کابینہ کو کرونا وبا کی حالیہ صور تحال پر بریفنگ دی۔کابینہ نے پاکستان ایکسپوسینٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دی۔کابینہ نے ٹریڈ آرگنائزیشنز ایکٹ 2013کی شق نمبر21کے تحت اپیلوں پر فیصلہ دینے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی۔ یہ کمیٹی صرف اس وقت تک مجاز ہوگی جب تک متعلقہ قانون میں ترامیم مکمل کرلی جائیں۔ کابینہ نے پریس کونسل آف پاکستان کے ممبرز تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے ملک میں ماہی گیری کے شعبے سے برآمدات کے معیار کو بہتر کرنے کی خاطرانسپکشن کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی۔ یہ کمیٹی ملک میں قائم ہونے والے فش پراسسنگ پلانٹس کی انسپکشن کے فرائض انجام دے گی۔ اس کمیٹی میں وزارت بحری امور، وزارت کامرس اور پاکستان فیشریز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہیں۔ کابینہ نے ڈاکٹر رانا عبدالجبار کی بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر، الٹرنیٹ انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ استعفیٰ منظور کیا اور نئے سی ای او کی تعیناتی کے لیے سلیکشن کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی۔ نئی تعیناتی تک منیجنگ ڈائریکٹر PPIB اس ادارے کی نگرانی کریں گے۔ کابینہ نے کمیٹی برائے قانونی کیسز کے مورخہ 31دسمبر 2020ء کو منعقدہ اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ نے انسانی جانوں کو بروقت اور ہنگامی بنیادوں پر بچانے کے لیے وفاقی وزارت صحت کو کوویڈ19- ویکسین کی خریداری کی منظوری دی۔
وفاقی کابینہ : کرونا ویکسین خریداری کی اجازت، پیپرارولز سے بھی استثنٰی دے دیا
Jan 06, 2021