اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان میں متعین عراق کے سفیرحامد عباس لافتا نے گزشتہ روز انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے سنٹر برائے مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ کا دورہ کیا۔ انسٹی ٹیوٹ میں چیئرمین خالد محمود اور سنٹر کی ڈائریکٹر محترمہ آمنہ خان نے ان کا استقبال کیا۔ پاکستان میں عراقی سفارتخانے کی فرسٹ سکریٹری مسز وسان جبار عبد اللہ اور اتاشی مسٹر اسیل نوری طالب بھی موجود تھے۔ آمنہ خان نے سفیر کو آئی ایس ایس آئی اور سی ایم ای اے کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی اور کہا کہ دونوں ممالک کے مابین علمی اور تحقیقی تعامل پاک عراق دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کی کلید ہے۔ خالد محمود ، چیئرمین آئی ایس آئی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے عوام عراق کی سرزمین اور عوام کو انتہائی عزت و احترام سے دیکھتے ہیں اور پاکستانی حکومت حکومت عراق کے ساتھ پائیدار تعلقات قائم کرنے کے خواہاں ہے۔ عراقی سفیر لافتا حامد عباس لافتا کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ان دوستانہ جذبات کو عملی تعاون کی شکل دینے کی ضرورت ہے۔