اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) چین سے 50 ہزار میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے چین سے 50 ہزار میٹرک ٹن یوریا درآمد کرنے اور گاڑیوں سمیت دیگر اشیاء کی درآمد کیلئے ٹیرف میں ردوبدل کی بھی منظوری دیدی ہے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں تین نکاتی ایجنڈے پر غور ہوا۔ اجلاس میں ای سی سی نے گاڑیوں سمیت دیگر اشیاء کی درآمد پر عائد کسٹمز ڈیوٹی و ٹیکسوں میں ردوبدل کی منظوری دیدی ہے۔ ای سی سی نے پٹرولیم ڈویژن کیلئے مشروط طور پر ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دے دی ہے۔ بڑی امپورٹڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی میں اضافہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 15سو پچاس سی سی سے زائد امپورٹڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی میں 35 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ پندرہ سو سی سی امپورٹڈ ہائبرڈ گاڑی پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھانے کی منظوری دی گئی۔ اٹھارہ سو سی سی امپورٹڈ ہائبرڈ گاڑی پر ڈیوٹی 15 سے 50فیصد کرنے کی منظوری دی گئی۔ امپورٹڈ گاڑیوں پر ڈیوٹی بڑھانے کی منظوری ای سی سی نے دی۔