اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اسلام آباد میں شیخ رشید کی کتاب کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کی ڈیل کی باتیں لوگ اپنے اپنے شوق کیلئے کر رہے تھے۔ پاکستان میں ہر تین ماہ بعد ایسی باتیں چھوڑنے کا رواج ہے۔ سیاست اپنے پاؤں پر کھڑے ہوکر نہیں کرنی تو ایسی فواہوں پر ہی کھڑا ہونا ہوتا ہے۔ نواز شریف اور زرداری پاکستان کی سیاست کی تاریخ بن چکے ہیں۔ نواز شریف اور زرداری کا نہ کوئی مستقبل ہے اور نہ حال ہے۔ یہ سلسلہ نواز شریف اور زرداری کے بغیر ہی چلنا ہے۔ دریں اثناء یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں فواد حسین نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے منتظر ہیں، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کی حد بندی مذہب کی بنیاد پر تبدیل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا، پاکستان کشمیریوں کو جائز حق ملنے اور جدوجہد آزادی کی کامیابی تک ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ اپنے ٹویٹ میں فواد چودھری نے مری میں مقامی سیاحوں کی آمد کو ’عام آدمی کی خوشحالی‘ سے جوڑ دیا۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مری میں ایک لاکھ کے قریب گاڑیاں داخل ہو چکی ہیں۔
ن لیگ ڈیل کی باتیں شوق کیلئے کی جاتیں ، نواز ، زرداری کا حال نہ مستقبل : فواد چودھری
Jan 06, 2022