اسلام آباد (نیٹ نیوز) بین الاقوامی ہوا بازی تنظیم (آئی سی او اے) نے پاکستان ائر لائنز پر عائد تمام پابندیاں ختم کرتے ہوئے سول ایوی ایشن (سی اے اے) کو پائلٹس کے لائسنس جاری کرنے کی اجازت دے دی۔ آئی سی اے او نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خاقان مرتضیٰ کو خط میں لکھا کہ پاکستان نے تمام اعتراضات پر اطمینان بخش اقدامات کئے ہیں۔ آئی سی اے او کے اس اقدام کے بعد پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ائر لائنز پر یورپ برطانیہ اور امریکہ کیلئے عائد پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ اکاؤ نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پراپنے تمام سیفٹی اعتراضات واپس لے لیے ہیں اور اہم سیفٹی اعتراضات پر سول ایوی ایشن پاکستان کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا ہے۔ اکاؤ کی جانب سے اعتراضات واپس لینے کے بعد پی آئی اے سمیت تمام پاکستانی ائیرلائنز پر یورپ، برطانیہ اور امریکا کے سفر کیلئے عائد پابندیاں بھی ختم ہوگئی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اکاؤ کے فیصلے کے بعد پروازیں بحال کرنے کیلئے یورپی یونین اور برطانیہ کی سول ایوی ایشن کو خط لکھ دیا ہے اور ان کی جانب سے بھی رواں ہفتے ہی مذاکرات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
پاکستان ائر لائنز پر یورپ اور امریکہ کیلئے سفری پابندیاں ختم
Jan 06, 2022