ایئر مارشل اصغر خان بااصول شخصیت تھے، منظور گیلانی، گرانقدر خدمات ہیں: خورشید قصوری

 لاہور(اپنے نامہ نگار سے) استقلال پارٹی کے زیر اہتمام ’’ بیاد قومی ہیرو ائیر مارشل اصغر خان ‘‘ تقریب کا انعقاد لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے کراچی شہداء ہال میں کیا گیا جس میں استقلال پارٹی اور پاکستان پیپلز موومنٹ کے چیئر مین سید منظور علی گیلانی نے صدارت کی جبکہ مہمان خصوصی سابق وفاقی وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری اور دیگر مہمانوں میں اے این پی کے سابق صدر احسان وائیں ، کنوینر پی کیو ایم اے اظہر جمیل، نائب صدر سندھ یونائیٹڈ پارٹی جکدیش آہو جا ، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک نور محمد ، پولیٹیکل پارٹی کے وائس چیئر مین نو بہار شاہ ، عوامی فلاحی پارٹی کے شیراز الطاف ، نسیم آرٹسٹ ، مسلم لیگ ق کی زیبا ناز ، سپریم کورٹ بار کے سابق سیکرٹری راجہ ذوالقرنین سمیت دیگر نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے استقلال پارٹی کے چیئر مین سید منظور علی گیلانی نے کہا کہ ائیر مارشل اصغر خان کی تیسری برسی ، پیپلز پارٹی کے ذوالفقار علی بھٹو کا یوم پیدائش اور قاضی حسین احمد کی نویں برسی تینوں شخصیات کا ملک کی سیاست میں اپنا اپنا کردار ہے ۔بھٹو اور ائیر مارشل اصغر خان کا خاص تعلق رہا ہے جہاں دونوں کی دوستی تھی وہی پر ان کے مزاج میں نمایاں فرق تھا آج ہماری ذمہ داری ہے کہ آنے والی نسلوں کو ائیر مارشل اصغر خان کے حوالے سے ملک کے لیے ان کی خدمات کا تذکرہ کریں ۔ ائیر مارشل ایک با اصول شخصیت تھے ان کا مقصد اقتدار میں آنا نہیں تھا ۔ سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصور ی نے کہا کہ ائیر مارشل کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں انہوں نے پاکستان کے لیے اپنی گراں قدر خدمات پیش کی جو قابل ستائش ہیں  وہ 36سال کی عمر میں فضائیہ کے سربراہ بنے ۔

ای پیپر دی نیشن