عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے: مقررین

لاہور(نیوز رپورٹر)مسئلہ کشمیر کا حل اقوا م متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے سے ہی ممکن ہوگا۔ ۱قوام متحدہ کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے فورم پرمقبوضہ جموں وکشمیر کے حوالے سے منظور کردہ قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے بھارت کو مجبور کرے۔ عالمی برداری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی زبردست پامالیوں کا نوٹس لے۔ ان خیالات کا اظہارجموں وکشمیرلبریشن سیل ریسرچ ونگ کشمیرسنٹر لاہور کے زیراہتمام یوم حق خودارادیت کے حوالے سے منعقدہ خصوصی سیمیناربعنوان ’’حق خودارادیت۔ پس منظروپیش منظر‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ سیمینار سے سابق وزیر حکومت ناصرحسین ڈار، سابق مشیر حکومت سید نصیب اللہ گردیزی، صحافی ایثار رانا، انچارج ریسرچ ونگ سردارساجد محمود، صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر لاہور مرزاصادق جرال، صدارتی ایوارڈ یافتہ عالمی سیاح مقصود احمد چغتائی، جنرل سیکرٹری تحریک اسلام جموں وکشمیر علامہ مشتاق احمد قادری، وائس چیئرمین پاکستان فلاحی پارٹی سہیل احمد، رہنما آل کشمیر فورم سفیر عباسی،سردارفراز، وقاص اقبال، علی نواز، ملک طارق، آصف خان، افتخار اسماعیل اور دیگرنے خطاب کیا۔ ناصرحسین ڈار نے کہا کہ ہم پاکستان کے شکرگزار ہیں کہ کہ جس نے ہر موقع پر کشمیری عوام کی وکالت کی اور مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر زندہ رکھا۔ مسئلہ کشمیر پون صدی سے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں زندہ ہے اور آج تک حل نہیں ہوا۔ اب یہ عالمی اداروں کی بنیادی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے۔ ایثار رانا نے کہاپاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے۔ اس کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کا مسئلہ زندہ ہے۔ پاکستانی عوام کشمیری عوام کے ساتھ انتہائی عقیدت رکھتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن