ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ پیر محل (نامہ نگاران + نمائندگان) چک نمبر756 گ ب میں گیس لیکج سے آتشزدگی کے باعث ایک ہی خاندان کے 7 افراد زندہ جل گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹوبہ ٹیک سنگھ چک نمبر 756گ ب میں گھر میں آتشزدگی سے سات قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ اظہار کیا۔ افسوسناک واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر جاوید سے رپورٹ طلب کر لی اور افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم بھی دیا۔ پولیس کے مطابق آگ گھر میں گیس لیکج کے باعث لگی جس میں نکیانہ قوم کے7افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں سکینہ بی بی زوجہ محمد حسین عمر50سال، مافیہ دختر محمد حسین عمر 22سال، عذرا زوجہ وحید عمر 36سال، حمزہ ولد وحید عمر 7سال، آمنہ دختر وحید عمر 5سال، افشاں دختر وحید عمر 4 سال، رشید ولد محمد حسین عمر 16سال شامل ہیں۔ جبکہ رشید ولد محمد حسین، محمد حسین، وحید سمیت 4 زخمیوں کو ریسیکو1122 کے جوانوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ریفر کردیا۔ گھر میں محمد حسین اور اس کا بیٹا وحید اپنے خاندان کے 11 افراد کے ساتھ رہائش پذیر تھے، تمام افراد ایک ہی کمرے میں سوئے ہوئے تھے کہ اچانک ایل پی جی گیس سلنڈر لیکج اور شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کے باعث مکان کی چھت گر گئی اور تمام افراد جھلس گئے، جبکہ 60 سالہ محمد حسین ولد وریام، اس کی 14سالہ بیٹی اقرائ،37 سالہ بیٹا عبدالوحید ولد محمد حسین اور 3 سالہ حدیقہ زخمی ہیں۔