لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین ساجد احمد خان بھٹی کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گوجرانوالہ اور گجرات کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ ساجد احمد خان بھٹی نے کہا ہے کہ قانون سے کوئی بالا تر نہیں، تمام ادارے پی اے سی کو جواب دہ ہیں۔ فوری خریداری کے لیے بھی قواعد و ضوابط پر عمل کرنا ہو گا۔ ڈسٹرکٹ اتھارٹی رولز کے مطابق 10ہزار سے زیادہ کی خریداری ٹینڈر کے بغیر نہیں کی جا سکتی۔ پہلے رولز کی خلا ف ورزی ہوتی رہی ہے اور آڈٹ پیراز بنتے رہے ہیں۔ چیئرمین نے سیکرٹر ی ہیلتھ کو ہدایت کی آپ اس پریکٹس کو روکیں۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کو محکمانہ کارکردگی بہتر کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ Designated House ہونے کے باوجود ہاؤس رینٹ لینے والے اور سرکاری گاڑی رکھنے کے باوجودکنوینس الاؤنس لینے والے افسران کے خلاف انکوائری کر کے ریکوری کریں اور پی اے سی کو رپورٹ پیش کریں۔