کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان کی معروف ادویہ ساز کمپنی مارٹن ڈاؤ مارکر (ایم ڈی ایم) نے ملک کی معروف فارمیسی چین فضل دین فارما پلس اور امتیاز فارمیسی کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔ Joint Patient Awareness, Access & Care Collaborations (JPAAC)پروگرام کا مقصد مختلف بیماریوں پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کے لیے فارماسسٹ کی تربیت کرنا ہے۔اس اسٹریٹجک تعاون کے ذریعے صحت کے حوالے سے عوام کے بڑھتے ہوئے مسائل، مریضوں کو بیماری اور خوراک کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے حصول کے لیے قابل اعتماد معلومات کی ترسیل کے ساتھ عوام تک ادویہ کی رسائی بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ اس تعاون کے ذریعے متعلقہ فارماسسٹوں کے لیے ٹریننگ سیشنز منعقد کیے جائیں گے،جس سے وہ صارفین کو زیادہ بہتر انداز میں خدمات فراہم کرنے کے قابل ہیں۔گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او مارٹن ڈاؤ گروپ جاوید غلام محمد نے ان شراکت داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مریضوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے منعقدہ آگاہی مہم اور فارماسسٹ کے تربیتی پروگراموں سے ہمارے شراکت داروں کی افرادی قوت کو عام لوگوں تک دستیاب ادویہ کی بہتر رسائی کے بارے میں اہم معلومات ملیں گی۔ وقت کا تقاضا ہے کہ صحت سے متعلق تمام خدشات سے درست طریقے سے نمٹا جائے، جن کا معمول کی زندگی میں سامنا ہوتا ہے۔ صحیح حل معلوم نہ ہونے کے باعث زیادہ تر ان خدشات سے غلط طریقے سے نمٹا جاتا ہے۔ چیف کمرشل آفیسر فارما اینڈ ٹریڈ نعمان لطیف اور ہیڈ آف ٹریڈ مارکیٹنگ شیراز احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مارٹن ڈاؤ مارکر عوام کے مفاد میں اپنے شراکت داروں کے تعاون اور قابل طبی ماہرین کی مدد سے مفت میڈیکل اسکریننگ اور کنسلٹنٹ کیمپس کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔امید ہے کہ فضل دین فارما پلس اور امتیاز فارمیسی کے ساتھ مارٹن ڈاؤ مارکر کا اشتراک صحت اور حفاظت کے حوالے سے عوام میں بیداری پیدا کرنے کے ساتھ معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔
مارٹن ڈائو
مارٹن ڈاؤ مارکرکا فضل دین فارما پلس اور امتیاز فارمیسی سے اشتراک
Jan 06, 2022