لاہور(سپورٹس ڈیسک ) بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔ماؤنٹ منگنوئی میں کھیلے جانیوالے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیشی ٹیم نے 8 وکٹ سے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ میں پہلی مرتبہ اور ہوم گراؤنڈ سے باہر چھٹی مرتبہ کوئی ٹیسٹ میچ جیتا۔ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ میں فتح بنگلہ دیش کیلئے اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ انہیں یہ جیت کیویزکیخلاف ٹیسٹ میں پہلی بار حاصل ہوئی۔بنگلہ دیش نے پہلے ٹیسٹ میں 40 رنز کا ہدف دو وکٹوںپر حاصل کیا، بائولر عبادت حسین نے دوسری اننگز میں 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 10 سال بعد پہلی مرتبہ کسی ایشین ٹیم نے نیوزی لینڈ میں کوئی ٹیسٹ جیتا ہے، اس سے قبل پاکستان نے جنوری 2011 میں ہملٹن ٹیسٹ جیتا تھا۔ہملٹن میں پاکستان کی فتح کے بعد ایشین ٹیموں نے نیوزی لینڈ میں 19 ٹیسٹ کھیلے جن میں سے 16 میں شکست اور 3 ڈرا ہوئے۔نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 328 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم نے جواب میں 458 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 169 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور بنگلہ دیش کو 40 رنز کا ہدف ملا۔ عبادت حسین کومیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 9 جنوری سے کھیلا جائیگا۔
بنگلہ دیش کی نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ میں پہلی فتح‘ تاریخ رقم کردی
Jan 06, 2022