جوہانسبرگ ٹیسٹ : جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے122 رنز‘بھارت کو 8وکٹیں درکار

لاہور(سپورٹس ڈیسک )جوہانسبرگ ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ‘میزبان ٹیم کو جیت کیلئے مزید 122رنز جبکہ بھارت کو 8وکٹیں درکار ہیں ۔ جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ میں تقریباً 3 سال کے انتظار کے بعد سپنر نے ٹیسٹ وکٹ لے لی۔بھارت نے جنوبی افریقہ کو جیتنے کیلئے 240 رنز کا ہدف دیا‘پروٹیز نے 2وکٹوں پر 118رنز بنالئے ہیں ۔ سپنر روی ایشون نے پیٹرسن کی وکٹ لیکر جوہانسبرگ میں سپنر کا ٹیسٹ وکٹ نہ لینے کاریکارڈ تقریباً 3 سال بعد توڑ دیا۔ ایشون سے قبل جوہانسبرگ میں ٹیسٹ وکٹ لینے والے آخری سپنر پاکستان کے شاداب خان تھے جنہوں نے 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں ہاشم آملہ کی وکٹ لی تھی۔شاداب اور ایشون کی وکٹ کے درمیان جوہانسبرگ کے میدان میں ٹوٹل 111 وکٹیں گریں جس میں 109 فاسٹ بائولرز نے حاصل کیں جبکہ 2 رن آئوٹ ہوئے۔ روی چندرن ایشون جوہانسبرگ میں ٹیسٹ وکٹ لینے والے دوسرے بھارتی سپنر بھی بن گئے۔ان سے قبل انیل کمبلے نے جوہانسبرگ میں ٹیسٹ وکٹ لی تھی۔

ای پیپر دی نیشن